چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے تین سال کا روڈ میپ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا۔ شہباز شریف نے کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے دینے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے سمیڈا کے بزنس پلان پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تین سال کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے قابل عمل اور مؤثر پلان بنانے پر ہارون اختر اور سمیڈا بورڈ کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں ۔ اس میں ملکی برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد ہے۔ وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار کرنے والوں کو آسان شرائط پر قرضے دینے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے لیے 6 شہروں میں متعدد ورکشاپس منعقد کی گئیں۔ خواتین کو ایس ایم ای سیکٹر میں شرکت اور بھرپور کردار کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔



















