پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیراخترحسین جدون نے راہیں جدا کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
کراچی میں منعقدہ تقریب میں پیپلز پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں نے اختر جدون سمیت پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دینے اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کا کہناتھا کہ کراچی کو بھی نواز اور شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے ۔ کراچی لاہور جیسا اس وقت ہوگا جب نواز شریف کا ویجن اور شہباز شریف کی اسپیڈ ہوگی ۔ نواز شریف آئے گا تو کراچی سمیت ملک بھر میں امن آئے گا ۔
اس موقع پر نہال ہاشمی کاکہناتھا کہ کراچی کے لوگ دہائیاں دے رہے ہیں کہ پندرہ سال سے سندھ برباد ہے ۔ پندرہ سال سے بچوں کو روزگار نہیں مل رہا اور گھروں میں پانی نہیں آتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کیماڑی کے مکینوں کو بھی اسلام آباد جیسی سہولیات ملیں ۔