حکومتِ پنجاب کی جانب سے لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے لیے جامع حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں 100 سیفٹی کیمپس قائم کیے جائیں گے جبکہ شہریوں میں 10 لاکھ سیفٹی راڈز تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 23 روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
کمشنر لاہور مریم خان نے بتایا کہ صرف ضلع لاہور کی حدود میں تین روزہ محفوظ بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہوگی، جبکہ 6 فروری سے قبل ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔
کمشنر لاہور کے مطابق تین روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل لاہور کی سڑکوں پر نہیں آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کائٹ فلائنگ میٹیریل کی مینوفیکچرنگ کی اجازت بھی صرف ضلع لاہور تک محدود ہوگی۔






















