ترجمان سپارکو کے مطابق سال 2026 کا پہلا سپرمون کل نظر آئے گا، جسے روایتی طور پر وولف مون کہا جاتا ہے۔ یہ اکتوبر 2025 سے جاری سپرمونز کے سلسلے کا آخری سپرمون ہوگا۔
ترجمان سپارکو نے بتایا کہ اس موقع پر کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی اپنے عروج پر ہوگی، جس سے آسمان کا منظر مزید خوبصورت ہو جائے گا۔ پاکستان میں سپرمون شام 5 بج کر 51 منٹ پر طلوع ہوگا جبکہ چاند کی روشنی 99.8 فیصد تک ہوگی۔
سپارکو کے مطابق یہ سپرمون 3 اور 4 جنوری کو دیکھا جا سکے گا۔ اس دوران زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 3 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بار چاند عام پورے چاند کے مقابلے میں 6 سے 7 فیصد بڑا اور 10 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سپرمونز کا اگلا سلسلہ نومبر 2026 میں شروع ہوگا۔



















