پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک اور معاشی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کرلیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے رحیم یارخان میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سےاہم ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک اور معاشی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کرلیا۔ تجارت، توانائی، آئی ٹی اور دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا گیا ۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیراعظم نے یو اے ای میں مقیم 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر بھی اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی حجم کو مطلوبہ سطح تک لے جانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔



















