پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، ایشیائی ترقیاتی بینک دو منصوبوں کیلئے 30کروڑ 45 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق 18 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کے سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ سے ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے اضلاع براہ راست مستفید ہوں گے۔ اس منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک 14 کروڑ ڈالر قرض اور 5 لاکھ ڈالر تکنیکی گرانٹ فراہم کرے گا۔
12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن منصوبہ صوبے کے تیس اضلاع میں زرعی پیداوار بڑھانے اور ماحولیاتی خطرات کم کرنے میں مدد دے گا۔ اس منصوبے کیلئے اے ڈی بی 12 کروڑ ڈالر قرض اور 40 لاکھ ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا۔
پنجاب حکومت 50 لاکھ ڈالر حصہ ڈالے گی۔منصوبے کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو کلائمیٹ اسمارٹ زرعی مشینری تک بہتر رسائی دی جائے گی۔اے ڈی بی حکام کے مطابق یہ منصوبے ساحلی آبادیوں کے تحفظ، زراعت کی جدید کاری اور اخراج میں کمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔



















