ریلوے پولیس کے اہلکار راؤ شریف نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے کراچی کے تاجر کا 38 لاکھ روپے مالیت کا بیگ بحفاظت اصل مالک کو واپس کر دیا۔ اس غیر معمولی دیانت داری پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اہلکار کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجر محسن مشتاق پاکستان ایکسپریس ٹرین کے ذریعے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جا رہے تھے۔ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر کسی کام کی غرض سے وہ ٹرین سے اترے، تاہم اسی دوران ٹرین روانہ ہو گئی اور ان کا سامان ٹرین میں ہی رہ گیا۔ بیگ میں 38 لاکھ روپے موجود تھے۔
ریلوے پولیس اہلکار راؤ شریف کو ٹرین سے ملنے والا بیگ ملا، جسے انہوں نے مکمل دیانت داری کے ساتھ محفوظ رکھا اور بعد ازاں اصل مالک محسن مشتاق کو واپس کر دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راؤ شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایماندار اور فرض شناس اہلکار ہی ریلوے کا اصل چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور فرض شناسی ہی ریاستی اداروں کی اصل طاقت ہوتی ہے، اور اسی جذبے کی حوصلہ افزائی کے لیے اہلکار کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جا رہا ہے۔






















