لاہور ڈویژن میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے ۔ ڈور پھرنے سے دو سال کی بچی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ۔
پتنگ بازی پر پابندی ردی کا ڈھیر ثابت ہوئی، ہوا میں لہراتی خونی ڈور پھرنے سے بچی سمیت دو افراد کو موت چھو کر گزر گئی۔
پہلا افسوسناک واقعہ قصور مانوالہ میں پیش آیا جہاں طبعیت خراب ہونے پر دو سال کی زینب کو اسکی والدہ اسپتال لیجا رہی تھی کہ راستے میں ڈور پھر گئی۔ بچی کے چہرے سمیت گردن پر گہرا زخم آیا۔ متاثرہ بچی لاہور کے جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔
دوسرا واقعہ لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا ۔ جہاں گھر سے موٹرسائیکل پر کام کے لیے نکلنے والے 22 سال کے نوجوان اویس کی گردن پر ڈور پھر گئی، اسے بھی جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے دونوں واقعات پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم پتنگ بازی میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں لیا جا سکا ۔






















