گڑھی خدابخش میں بینظیر بھٹو کی برسی پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدرآصف زرداری نے کہا کہ پاکستان قیامت تک چلتا رہے گا، فوج نے حکومت کی سپروژن میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، ہم بھارت کے تمام جہاز گراسکتے تھے،تھوڑا لحاظ کیا۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارے چیف اور ایئرچیف نے بھارت پر رحم کیا، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا توآصف زرداری اور پیپلزپارٹی بیٹھی ہے، ہم سب جنگ کے میدان کیلئے تیار ہیں، مادروطن کوبچانےکیلئےاپنی جانوں کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، تم کیا گولی مارو گے،ہم گولی ماریں گے۔
صدر مملکت کا کہناتھا کہ وہ دل گردہ کہاں سے لاؤ گے جو ہمارے صدر،وزیراعظم،آرمی چیف اور ایئرچیف کا ہے، میرے ایم ایس نے کہا جنگ شروع ہو چکی ہے، میرے ایم ایس نے کہا بنکر میں چلیں ، میں نے کہا لیڈر بنکر میں نہیں مرتے،شہادت آنی ہے تویہی آئےگی، دھرتی ماں کوضرورت پڑی توجان،مال سب کچھ لگانےکیلئےتیارہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی دشمن کیلئے اکیلے ہی کافی ہے، ہمیں کوئی ڈرنہیں،ہماری آنے والی نسلیں بھی لڑیں گی، ہم جنگ کے شوقین نہیں،کسی سے لڑنا نہیں چاہتے، ہم سے کوئی لڑے گا تو بھارت کی طرح جواب دیں گے، کسی نے میلی آنکھ سےدیکھاتوہماری فوج ناکوں چنے چبوا دے گی۔
ان کا کہناتھا کہ ملکی مسائل ہیں،آہستہ آہستہ کم ہوں گے، ایک بیوقوف آدمی نے دنیا سے تعلقات خراب اور معیشت تباہ کر دی تھی، ہم نے آہستہ آہستہ دنیا سے تعلقات ٹھیک کیے ہیں، تعلقات ٹھیک کرنے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ہمارے ساتھ ساتھ ہیں،ٹرمپ بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کہتا ہے، عاصم منیر کو فیلڈ مارشل عوام اور پیپلزپارٹی نے بنایا ہے، میں آنے والی نسلوں کا بھی ضامن ہوں۔






















