قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کو ہم نے خود برباد کیا اور کوئی سبق بھی نہیں سیکھا، قوم کو دھوکہ دینے پر اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرے گا۔
مری میں ورکرز سے گفتگو میں قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا، سیاست کیلئے جھوٹ بولنے سے کچھ نہیں ملتا، جھوٹ بولنے سے حکومت مل سکتی ہے لیکن اللہ کو کیا جواب دیں گے؟ قوم کو دھوکہ دینے پر اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرے گا۔ جھوٹ بول کر عوام سے ووٹ نہیں مانگوں گا۔
نوازشریف نے کہا کہ لوگوں نے پاکستان کے ساتھ بہت ظلم کیا ۔ دو ہزار سترہ میں ملک پر تلواروں اور کلہاڑیوں سے وار کیا گیا۔ مجھے اور مریم کو جیل میں رکھ کر اُسے الیکشن جتوایا گیا۔ الیکشن میں دھاندلی کرکے اسے پاور میں لایا گیا۔ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالنے کا سبب اسے حکومت دینی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سنہ 1993 میں فارغ،1999 میں فارغ، 2017میں فارغ کیا گیا، بابا،اس طرح ملک نہیں چلتے،اس طرح ایک گھر نہیں چلتا، ملک کو ہم نے خود برباد کیا، ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔
نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں تباہی پھیر دی گئی، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ختم کیا، ہم نے کسی ملک سے پیسہ نہیں مانگا۔ مزید کہا کہ امریکا سے 5ارب ڈالر کی آفر ٹھکرائی، ایٹمی دھماکے کیے، چاہتا تو 5ارب ڈالر خود بھی رکھ سکتا تھا۔