وزیراعظم کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش پر نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی بھی سرگرم ہوگئی۔ فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی پر مشتمل کمیٹی نے وزیراعظم کی پیش کش کا خیرمقدم کیا ہے۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت کو پیرول پر رہا کرنے کی درخواست کردی۔ کہا اعتماد سازی کے بغیر مذاکرات کا عمل کامیاب اور پائیدار نہیں ہو سکتا۔
خط کے متن کے مطابق مذاکرات تب کامیاب ہوں گے جب اعتماد سازی کے اقدامات بھی ساتھ شروع ہوں، تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے قومی مفاد مقدم رکھتے ہوئے اس عمل میں حصہ لیں، جامع چارٹر آف ڈیموکریسی اور چارٹر آف اکانومی پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملکی ترقی وخوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے پرامن ڈائیلاگ کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، ذاتی طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو متعدد بار ڈائیلاگ کی پیشکش کی جا چکی ہے سیاسی ڈائیلاگ کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر نے کی کسی مذموم کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔



















