امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز اور اطالوی اداکار آندریا پریٹی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں اپنے دیرینہ اطالوی دوست،اداکار اور ڈیزائنر آندریا پریٹی کےساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں،شادی کی پروقارتقریبات چھ روزتک جاری رہیں، جس میں دونوں کے قریبی حلقوں نے شرکت کی۔
جوڑے کی پہلی ملاقات 2024 میں میلان کے ایک فیشن شومیں ہوئی تھی، جس کے بعد رواں برس جولائی میں ان کی منگنی ہوئی اور اب یہ دوستی باقاعدہ رشتے میں بدل گئی ہے۔
اس موقع پر وینس کی بہن اورمعروف ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز نے انہیں ایک قیمتی یاٹ (کشتی) تحفے میں دی،جس پرفیملی اور قریبی دوستوں کے لیے ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
وینس ولیمز کے مطابق سرینا نےنہ صرف یہ مہنگا تحفہ دیا بلکہ تمام انتظامات کی نگرانی بھی خود کی، جس کی بدولت محدود مہمانوں کے ساتھ گزرا یہ ایک ہفتہ ان کے لیے انتہائی یادگار رہا۔





















