مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ ان کی پارٹی جنرل الیکشن میں جنوبی پنجاب سے 46 میں سے 40 سیٹیں جیتے گی ، ہماری پوزیشن 2013 سے بہتر ہے ، جنوبی پنجاب سے کافی الیکٹیبلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ہم پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں لیں گے ، جو پارٹی پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں لے وہ وفاق میں حکومت بناتی ہے ۔
سماء نیوز کے پروگرام 'ندیم ملک لائیو' میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پارٹی کی الیکشن میں حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سے کافی الیکٹیبلز ن لیگ میں شامل ہو رہے ہیں، کل سمیع گیلانی اور مبین احمد نے شمولیت کا اعلان کیا اور اس بار باسط بخاری ہماری طرف سے الیکشن لڑیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی جنوبی پنجاب میں 46 میں سے 40 کے قریب سیٹیں حاصل کرے گی جبکہ ہماری پارٹی نے 2013 میں بھی جنوبی پنجاب سے 34 سیٹیں لی تھیں، ہماری اس بار 2013 سے بہتر پوزیشن ہو گی ۔
ن لیگی رہنما نے تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف صاف چلی نہ شفاف چلی ، فرح گوگی کاوزیراعظم ہاؤس میں بطورگھرکی فردکےنام درج تھا،فرح گوگی جیسی کرپشن کسی نے 70 سالوں میں نہیں کی ، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو لوگ چھوڑ رہے ہیں اور یہ فطر عمل ہے ، عمران خان اداروں سے لڑائی کا نتیجہ بھگتیں گے ۔جبکہ یہ تاثر قائم کیا جارہاہے کہ ووٹ ان کے ساتھ اب بھی ہے ، یہ تاثر 8 فروری کو واضح ہو جائے گا ۔
رانا ثناء نے کہا کہ خاور مانیکا نے جو باتیں کہیں وہ درست ہیں تو دیکھا جائے اس بندے کا کیسا کریکٹر ہے ، خاور مانیکا نے بتایا کہ ان کے گھر کو ریزہ ریزہ کر دیا گیا ۔سابق وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ نوازشریف کے موجودہ اسٹبلشمنٹ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہمارے خلاف ماحول بنایا گیا تھا دھرنے اور لانگ مارچ کرائے گئے ، ہمارے خلاف جوڈیشل اسٹبلشمنٹ بھی متحرک کی گئی ، اب ہمارا راستہ نہیں روکا جارہا، جھوٹے کیسز ختم ہو رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن نےنوازشریف کوپارٹی صدارت سےہٹانےکافیصلہ دیاتھا، الیکشن کمیشن کےفیصلےپرعمل ہوا،ہم نےاس پراحتجاج کیاتھا، نہیں معلوم کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی سےمتعلق کیافیصلہ کرےگا، الیکشن کمیشن جوبھی فیصلہ کرے گا آئین وقانون کے مطابق کرےگا، بلاول بھٹو اقتدارمیں آنے کا کہہ رہے ہیں یہ سیاسی نعرےہوتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ ہم پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں لیں گے ، جو پارٹی پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں لے وہ وفاق میں حکومت بناتی ہے ۔