اتوار کے روز ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ٹرافی سے ہاتھ دھونا پڑا جو کہ بھارتی سابق کھلاڑیوں اور میڈیا کیلئے ہضم کرنا مشکل ہو گیا ہے ، اسی ضمن میں سابق بھارتی کھلاڑی محمد کیف نے بیان جاری کیا اور آسٹریلیا کو بہترین ٹیم ماننے سے انکار کیا جس پر آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے رد عمل دیتے ہوئے کرارا جواب دیدیا ہے ۔
2003 کے ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد کیف نے آسٹریلیا سے شکست پر رد عمل جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ' میں یہ قبول کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہوں کہ سب سے بہترین ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا ہے ، کاغذوں میں بھارت ورلڈکپ کی سب سے بہترین ٹیم ہے '۔
جب یہ بات گھومتی گھماتی آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر تک پہنچی تو ان سے رہا نہ گیااور انہوں نے سابق بھارتی کھلاڑی کو جواب دینے کا فیصلہ کیا ۔ ڈیوڈ وارنر نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے محمد کیف پسند ہے ، کاغذ پر کیا لکھا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آخر میں آپ کو پرفارم کرنا ہو تاہے ، اس وقت یہ اہمیت رکھتا ہے ۔اس لیے اسے فائنل کہا جاتاہے ، یہی وہ دن ہے جو اہمیت رکھتا ہے ، یہی وہ دن ہے جسے شمار کیا جاتاہے ، یہ کسی بھی طرح گزر سکتا ہے ، یہی کھیل ہے ، 2027 ہم آ رہے ہیں ۔"
I like MK, issue is it does not matter what’s on paper. At the end of the day you need to perform when it matters. That’s why they call it a final. That’s the day that counts and it can go either way, that’s sports. 2027 here we come 👍 https://t.co/DBDOCagG2r
— David Warner (@davidwarner31) November 22, 2023
یاد رہے کہ ورلڈکپ فائنل میں بھارت نے 241 رنز کا ہد ف دیا جسے آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرتے ہوئے تاریخ رقم کی جس میں سب سے اہم کردار ٹراویس ہیڈ کا رہا جنہوں نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت دلوائی ۔