پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے ترقیاتی معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں دو اہم پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اے ڈی بی نے پنجاب کے لیے 107 ملین ڈالر کا سٹیم ایجوکیشن پروگرام منظور کیا ہے، جس میں جدید سٹیم لیبز اور اساتذہ کی تربیت کے ذریعے سیکنڈری تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
پنجاب نرسنگ و ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے لیے ا125 ملین ڈالر کی معاونت دی جائے گی، جس کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نرسنگ کے تین سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اور سیکرٹری سپیشلائز ہیلتھ کیئر نے بھی دستخط کیے۔ دونوں پروگرام نتائج پر مبنی اور نظامی اصلاحات کا حصہ ہیں اور اے ڈی بی کی معاونت پائیدار سماجی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔



















