صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، بدعنوانی اداروں کو کمزور اور عوام کا اعتماد متاثر کرتی ہے۔
یومِ انسدادِ بدعنوانی پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کرپشن کو قومی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے احتسابی نظام میں بہتری، شفاف طرزِ حکمرانی اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اداروں کو کمزور اور عوام کا اعتماد متاثر کرتی ہے، جبکہ کرپشن ترقی کی رفتار سست اور قانون کی بالادستی کمزور کرتی ہے۔ صدر کے مطابق پاکستان نے وقت کے ساتھ احتسابی نظام بہتر بنایا ہے اور ضروری ہے کہ احتسابی ادارے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہ کر اپنا کردار ادا کریں۔
آصف علی زرداری نے زور دیا کہ شفاف طریقہ کار اور قانون کی عملداری ہی اداروں کی ساکھ بناتی ہے، جبکہ عوام کا اعتماد شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار سے مضبوط ہوتا ہے۔صدر نے اپیل کی کہ تمام شہری ایمانداری اور اچھی حکمرانی کے عزم کو مضبوط کریں، کیونکہ دیانت داری اداروں کو مضبوط اور قومی استحکام میں مدد دیتی ہے۔






















