صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 3سے 4صوبے بنائے جائیں، صوبے زیادہ کرنے سے کسی کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے اندر وسطی، جنوب، شمالی پنجاب سمیت مختلف صوبے بنائے جائیں۔ تاکہ لوگوں کو انکے گھروں کے قریب تمام سہولیات مل سکیں۔ لوگوں کو دور دراز جانا پڑتا ہے جس میں انکومشکلات ہوتی ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں ہی نہیں یہ تمام سہولیات بلوچستان میں بھی ہونی چاہیے، امریکہ کے 50 جبکہ روس کے 85 صوبے ہیں۔ افغانستان میں34 صوبے ہیں، ترکیہ کے81صوبے ہیں۔ حکومت کے تمام اتحادیوں اور تمام وزیراعلیٰ کو بھی درخواست دیں گےکہ اس پرعمل کریں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سندھ شمالی، جنوبی اور وسطی سندھ کے نام سے بننے چاہیے، لوگوں کو دہلیز پر انصاف دینا ہی ہمارا مشن ہے۔ فیصل آباد بڑا شہر ہے مگریہاں ہائی کورٹ بینچ نہیں ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کنونشن سے خطاب میں فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں موٹروے کو 6 لین کرنے کا اعلان کردیا۔ کہا موٹروے فیصل آباد پنڈی بھٹیاں کو 4 سے 6 لین کریں گے۔ فیصل آباد لاہور جی ٹی روڈ پر بھی کام جلد شروع ہوگا۔





















