صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز شہادتیں دے کر ہمارے بچوں کو بچارہے ہیں۔ ملک کیلئے شہادت کا رتبہ پانے والے عظیم لوگ ہیں۔ فیلڈ مارشل کو چیف آف ڈیفنس فورسزبننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز تمام مسلح افواج کی قیادت کریں گے۔
فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر فیصل آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، آج دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز شہادتیں دے کر ہمارے بچوں کو بچارہے ہیں، کیا بھارت پاکستان کا وجود تسلیم کرتا ہے ؟ آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دشمن کے 7طیارے گرے ، ہمارا ایک بھی نہیں، کیا ان کی خدمات کا صلہ یہ ہے کہ ہم ان کو برا بھلا کہیں؟ 10 مئی کی فتح کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا مگر پاکستان کی کامیابی پر کچھ لوگ اندر سے جلن کا شکار ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم ہمیشہ اپنی پاک فوج کےساتھ ہی کھڑے ہوں گے، ہمیں ووٹ بے شک مت دیں مگر جو ملک کا خیرخواہ نہیں اسکاساتھ مت دیں۔ ہرچیز بعد میں ہےسب سے پہلے پاکستان آتا ہے۔ سپہ سالارکسی حکومت کے نہیں پاکستان کے محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی سے پہلے دنیا سمجھتی تھی یہ قوم بس بھکاری ہی ہیں، جنگ کے بعد دنیا کو پتہ چلاکہ پاکستان طاقتور ملک ہے۔ یہ عزت اور اعزاز اللہ نے دیا ہے مگر کچھ لوگ کو تکلیف ہورہی۔ آج ہم پر سکون آرام کرتے ہیں تو اسکی وجہ پاک فوج ہے۔ ہمارا فرض بنتاہے جو ملک اور فوج کے خلاف زبان چلائے اسکامنہ توڑدیں۔
وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور عہدے آنے جانے ہیں ملک کی سلامتی ضروری ہے، سوشل میڈیا پر نوجوان انکامنہ توڑیں، جو فوج کےخلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں، ہمارے گھروں پر ڈرون آئے اگر جواب نا دیتے تو وہ ہمیں کبھی ناچھوڑ تے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپہ سالار دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے ہیں، ایک پارٹی کا کہنا تھا ٹرمپ آئے تو ہم باہر آجائیں گے۔ آج وہ ہی ٹرمپ بھی سپہ سالار کی تعریف کرتے ہیں، ٹرمپ ہر تقریر میں پاکستان کی جیت کی تصدیق کرتا ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف کے پاس اب نیا عہدہ ہے، اب تمام افواج کی قیادت انکےپاس آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوچھنا چاہتاہوں جو سوشل میڈیا پرتنقید کرتے ہیں، کیابھارت پاکستان کو رہنے دے اگر پاکستان کی فوج ناہو؟ بزرگ بتاتے ہیں مسلمانوں کےساتھ ہندو کیسا سلوک کرتے تھے، پاکستان ایک آزاد اورخودمختار ملک ہےجس کی وجہ افواج پاکستان ہے، ہمارے بچے ہمارے بھائی بارڈر پر گولیاں کھاتے ہیں تاکہ آپ سلامت رہیں۔ اپنی ماں بہنوں کو بیوہ کروادیتے ہیں تاکہ آپ محفوظ رہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ جس کا بچہ شہید ہوتا ہے ان والدین سے پوچھیں، 50ہزار یا ایک لاکھ روپے کےلیے کوئی قربانی نہیں دیتا، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، بے شرم لوگ اپنے ہی ملک کی فوج کو گالیاں نکالتے ہیں۔
پنجاب کے 3 سے 4 صوبے بنائے جائیں، عبدالعلیم خان
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 3سے 4صوبے بنائے جائیں، صوبے زیادہ کرنے سے کسی کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے اندر وسطی، جنوب، شمالی پنجاب سمیت مختلف صوبے بنائے جائیں۔ تاکہ لوگوں کو انکے گھروں کے قریب تمام سہولیات مل سکیں۔ لوگوں کو دور دراز جانا پڑتا ہے جس میں انکو مشکلات ہوتی ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں ہی نہیں یہ تمام سہولیات بلوچستان میں بھی ہونی چاہیے، امریکہ کے 50 جبکہ روس کے 85 صوبے ہیں۔ افغانستان میں34 صوبے ہیں، ترکیہ کے81صوبے ہیں۔ حکومت کے تمام اتحادیوں اور تمام وزیراعلیٰ کو بھی درخواست دیں گےکہ اس پرعمل کریں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سندھ شمالی، جنوبی اور وسطی سندھ کے نام سے بننے چاہیے، لوگوں کو دہلیز پر انصاف دینا ہی ہمارا مشن ہے۔ فیصل آباد بڑا شہر ہے مگریہاں ہائی کورٹ بینچ نہیں ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کنونشن سے خطاب میں فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں موٹروے کو 6 لین کرنے کا اعلان کردیا۔ کہا موٹروے فیصل آباد پنڈی بھٹیاں کو 4 سے 6 لین کریں گے۔ فیصل آباد لاہور جی ٹی روڈ پر بھی کام جلد شروع ہوگا۔





















