کانگریس رہنما راہُل گاندھی نے انڈین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار نریندر مودی کو قرار دے دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق راجستھان میں ایک انتخابی ریلی میں خطاب کے دوران راہُل گاندھی نے کہا کہ اچھا بھلا ہمارے لڑکے وہاں پر ورلڈ کپ جیت جاتے، وہاں پر پنوتی ’نحوست‘ نے ہروا دیا۔
خیال رہے وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم پہنچے تھے۔ فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر مجموعی طور پر اپنا چھٹا ورلڈ کپ جیتا تھا۔
راہُل گاندھی کے بیان پر بی جے پی کی جانب سے سخت ردِ عمل دیکھنے میں آیا ہے۔ بی جے پی رہنما روی شنکر پرساد نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس رہنما کی جانب سے کی گئی تقریر ’شرمناک‘ اور ’قابلِ مذمت‘ ہے۔