حکومت نے پارلیمنٹ کے فورم پر ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کردی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کہتے ہیں مذاکرات کا آپشن آج بھی موجود ہے آئیں بیٹھ کر بات کریں۔
مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایوان بالا میں پی ٹی آئی کی سینیٹر مشال یوسفزئی کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا جمہوریت ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے ڈیڈلاک سے نہیں ۔ وزیر اعظم نے دو مرتبہ فلور آف دی ہاؤس بات چیت کیلئے بیٹھنے کا کہا، یہاں تک کہا کہ اسپیکر کے چیمبر میں بیٹھ جائیں میں وہاں آجاتا ہوں، چودہ اگست کو وزیر اعظم نے کہا آئیں میثاق استحکام پاکستان کر لیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت آن ریکارڈ ہے کہ وہ ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں۔ جن سے پی ٹی آئی بات کرنے کا کہتی ہےوہ خود پی ٹی آئی سے بات کرنے کو تیار نہیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قیدی سے ملاقات سے متعلق کچھ امور پہلے سے طے ہونے چاہئیں۔ 3 روز قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی ۔ باہر آنے کے بعد جو گفتگو کی گئی وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
رانا ثناءاللہ نے واضح کیا کہ کسی قیدی کو ریاست کے خلاف تحریک چلانے کے لئے اعلان سے متعلق ملاقاتوں کی اجازت نہیں دے سکتے،۔مذاکرات کا آپشن آج بھی موجود ہے آئیں بیٹھ کر بات کریں تو بات ہو سکتی ہے۔





















