سن 1971 کی جنگ میں بھارت کے چھکے چھڑاتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کا آج 54 واں یوم شہادت ہے۔ مسلح افواج نے میجر محمد اکرم شہید نشانِ حیدر کی برسی پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز، نیول چیف اور ایئر چیف نے شہید کی جرأت، ثابت قدمی اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے نشانِ حیدر کے حامل عظیم مجاہد میجر محمد اکرم شہید کی چون ویں برسی پر دلی عقیدت پیش کی۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد اکرم شہید نے 1971 میں ہلی سیکٹر میں غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ 3 دسمبر کو انہوں نے دشمن کے مضبوط مورچوں پر حملہ کرکے تین ٹینک تباہ کیے۔ 5 دسمبر کو شدید زخمی ہونے کے باوجود لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید کی جرأت اور قربانی پاک افواج کی ثابت قدمی کی روشن مثال ہے۔






















