پنجاب کے مختلف شہروں میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مبینہ مقابلوں میں 20 منشیات فروش مارے گئے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق فیصل آباد میں سی سی ڈی اور منشیات فروشوں میں تین مبینہ مقابلوں میں 4 منشیات فروش مارے گئے۔
جڑانوالہ موڑ کے قریب مقابلے میں منشیات فروش احسان عرف شانی اور علی شیر ہلاک ہوئے، سمندری کے قریب مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش اکمل عرف جنوں ہلاک ہوا۔ رضا آباد کے قریب مقابلے میں منشیات فروش شفیق ہلاک ہوا۔
اوکاڑہ میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے میں 3 خطرناک بدنام زمانہ منشیات فروش ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے سی سی ڈی اہلکار کو بھی گولیاں لگیں،بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
جہلم میں بھی سی سی ڈی اور منشیات فروشوں میں 3 مبینہ مقابلوں میں ایک منشیات فروش ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ چک نصیرالدین میں مقابلے میں ملزم شرافت عرف شبو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
ساہیوال میں سی سی ڈی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 منشیات فروش مارے گئے۔ پولیس کے مطابق چک 72فور آر کے قریب منشیات فروشوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔3منشیات فروش ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
گوجرانوالہ میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے میں ایک منشیات فروش مارا گیا۔ سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزم ذوالفقارعرف باباذلفی گوجرانوالہ کے ٹاپ ٹارگٹس میں سے ایک تھا۔ ملزم طویل عرصے سے منشیات کی سپلائی میں ملوث اور متعدد بار جیل جا چکا تھا۔
ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو منشیات فروش مارے گئے۔ 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔
لودھراں کے علاقے رکن پور میں مبینہ مقابلے میں منشیات فروش ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم محمد اسلم عرف کتے میواتی کے قبضہ سے پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی۔ ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
علی پور اور مریدکے میں بھی مبینہ پولیس مقابلوں میں دو منشیات فروش ہلاک ہوگئے۔ علی پور میں منشیات فروش کامران عرف چھوٹو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ کمالیہ میں بھی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کاروائی میں ایک منشیات فروش مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
گوجرہ میں مونگی بنگلہ روڈ پر سی سی ڈی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک منشیات فروش ہلاک ہوگیا۔ ملزم 9 مقدمات میں مطلوب تھا۔ ترجمان پولیس کے خانیوال میں بھی الہ آباد لنک روڈ پر مبینہ مقابلے میں ایک منشیات فروش ناصرعلی ہلاک ہوگیا۔






















