پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور 21 نومبر کو مزید دو ہزار 990 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک واپس چلے گئے ہیں۔
پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور بہترین ہمسایہ ملک ہونے کا کردار ادا کیا جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ، پاکستان نے جس فراخدلی سے افغان باشندوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے سارے مواقع مہیا کئے اس امر کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد صرف غیر قانونی افغان باشندوں کا پاکستان سے محفوظ اور باعزت انخلاء یقینی بنایا گیا ہے اور ان کی باعزت طریقے سے افغانستان واپسی کیلئے دیگر اقدامات کے علاوہ ان کی عارضی رہائش کے لئے مختلف اضلاع میں تمام سہولیات سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
چمن اور طورخم بارڈر پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں اور پاکستان کی فراخدلی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں
21 نومبر کو 2990 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے ہیں جن میں 803 مرد، 759 خواتین اور 1428 بچے شامل تھے جبکہ افغانستان روانگی کے لیے 306 گاڑیوں میں 627 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔
اب تک کل دو لاکھ 43 ہزار 165 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔