کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس لیکج کے باعث دو دھماکوں میں 3 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ نواں کلی عبدالخالق روڈ کے قریب ایک گھر میں پیش آیا جہاں سلنڈر لیکج کے باعث دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی اور ایک شخص جھلس کر زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرا دھماکا عالمو پولیس کالونی میں گیس لیکج کے باعث ہوا جس میں دو افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے دونوں باپ بیٹا ہیں۔
تمام زخمیوں کو برن یونٹ منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے دونوں مقامات سے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔






















