لاہور میں سجنے والی پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے جیت کا سہرا اپنے سر سجا لیا۔
پاکستانی باکسرمحمد وسیم نے تھائی باکسر کو ہرا کراعزاز کا دفاع کرلیا۔ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل کی فائٹ 12راؤنڈز تک جاری رہی۔ محمد وسیم نے جیت پاکستانی آرمی کے شہدا کے نام کردی۔
پاکستانی اور تھائی باکسر کے درمیان فائنل میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، محمد وسیم نے فائٹ کے دوران آخر تک اپنے اعصاب کو قابو میں رکھا اور حریف کے حملوں کو چابکدستی سے ناکام بنایا۔
محمد وسیم نے کہا کہ ٹائٹل جیتنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے، باکسنگ دیکھنےکے لیے آنے والوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ پاکستان آرمی ، پنجاب حکومت کا بے حد مشکور ہوں۔
خیال رہے کہ فائٹ فار گلوری چیمپئن شپ کا آج آخری دن تھا، پاکستان میں ہونے والی چیمپئن شپ میں 15 ممالک کے 44 باکسرز نے شرکت کی۔
فائٹ فار گلوری چیمپئن شپ کے آخری روز تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوان وعدہ کریں پاکستان کا پرچم بلند رکھیں گے۔ اپنے ملک کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، شاندار کامیابی پر محمدوسیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، دونوں حریف مقابلے کےلیے بھرپور محنت کرتے ہیں۔






















