پاکستان نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جامع اور سخت کارروائی کا اعلان کر دیاہے، اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں عالمی سطح پر جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔
اسلام آباد میں تارکین وطن کی اسمگلنگ کے خاتمے کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس میں 30 سے زائد ممالک، عالمی اداروں اور ماہرین نے شرکت کی، غیرقانونی ہجرت کے بڑھتے خطرات پر عالمی فورم نے تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی کنونشن اور پروٹوکولز کے تحت مشترکہ جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کا اعلان کیا گیا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ یونان کشتی حادثے نے غیرقانونی مائیگریشن کی سنگینی کو بے نقاب کیا۔
پاکستان نے انسانی اسمگلنگ روکنے کیلئے قوانین میں ترامیم اور نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا۔ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔ شرکا نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ یورپی یونین کی جانب سے تارکین وطن کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اعلان کیا گیا۔ یورپی یونین کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس دسمبر میں برسلز میں ہوگی۔



















