وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی بلوچستان میں سڑک کی تعمیر کے لیے لگائی گئی تھی، اور اب تک اس مد میں تقریباً 66 ارب روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم نے قیمتوں پر عائد لیوی سے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر 7 سے 8 روپے فی لیٹر سڑک کی تعمیر کے لیے عائد کیے گئے تھے، اور اس رقم کو جمع کرکے پلاننگ کمیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ستمبر تک اکٹھی ہونے والی رقم تقریباً 66 ارب روپے بنتی ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 200 ارب روپے تک پہنچے گی۔ ان کے مطابق یہ لیوی اب بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل ہے اور رقم کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ستمبر تک کے اعداد و شمار پیش کردیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ کا ڈیٹا بھی فراہم کردیا جائے گا۔



















