ہنگو کے علاقے شاہو روڈ قاضی تالاب میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں تین اہلکار شہید ہوگئے۔
ہنگو کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں واقع قاضی تالاب چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کرکے حملہ کردیا ۔ ڈی پی او خان زیب خان کے مطابق حملے کے دوران تین پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے نہایت بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ تاہم دہشت گردوں کو ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہے ۔
واقعے کے فوراً بعد شہدا کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےاور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔






















