چودہویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں اعلی سطح کی کمیٹی بنا دی جو گیمز کے تمام انتظامات، اخراجات، اسپورٹس انفرااسٹرکچر اور سیکیورٹی کا جامع جائزہ لے گی۔
وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب اور رانا ثنا اللہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید اور چیئرمین وزیراعظم پروگرام رانا مشہود بھی شامل ہیں۔
دفاعی اداروں اور وزرائے اعلیٰ کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ وزارت بین الصوبائی رابطہ، خزانہ اور داخلہ کے وفاقی سیکرٹریز کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی پاکستان میں گیمز کی تیاریوں، اخراجات، اسپورٹس انفرااسٹرکچر کی صورتحال اور سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات مرتب کرے گی۔ پاکستان نے آئندہ سال جنوری میں سیف گیمز کی میزبانی کرنا ہے۔






















