پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور بہترین ہمسایہ ملک ہونے کا کردار ادا کیا جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ، پاکستان نے جس فراخدلی سے افغان باشندوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے سارے مواقع مہیا کئے اس امر کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد صرف غیر قانونی افغان باشندوں کا پاکستان سے محفوظ اور باعزت انخلاء یقینی بنایا گیا ہے۔
20 نومبر کو مزید 2292 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے جن میں 612 مرد، 564 خواتین اور 1116 بچے شامل تھے جبکہ افغانستان روانگی کے لیے 231 گاڑیوں میں 445 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک کل 240,175 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔
افغان باشندوں کی باعزت طریقے سے افغانستان واپسی کیلئے دیگر اقدامات کے علاوہ ان کی عارضی رہائش کے لئے مختلف اضلاع میں تمام سہولیات سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
چمن اور طورخم بارڈر پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں اور پاکستان کی فراخدلی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔