فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹ ہولڈرز کو امریکی ویزا کیلئے ترجیحی انٹرویوز کی سہولت میسر ہوگی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹ ہولڈرز اب فیفا پرائیرٹی اسائمنٹ شیڈول سسٹم (فیفا سسٹم ) کے تحت امریکا کے سفر کے لیے ویزا انٹرویوز میں خصوصی ترجیح حاصل کر سکیں گے۔ یہ اقدام امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے اور فیفا کے مطابق مذکورہ سسٹم اوائل 2026 میں فعال ہو جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر داخلہ کرسٹی نوم، وائٹ ہائوس ٹاسک فورس اور فیفا کے صدر جیونی انفنٹینو کی موجودگی میں وائٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب کے دوران اس سہولت کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ اس سروس کا مقصد ہر اس شائق کو ترجیحی ویزا انٹرویو کا موقع فراہم کرنا ہے جو امریکا میں ہونے والے میچوں کا ٹکٹ خریدے گا۔
فیفا کے مطابق یہ اعلان ورلڈ کپ کی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ہے اور فیفا و وائٹ ہائوس ٹاسک فورس کے درمیان مضبوط تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
فیفا کے صدر نے کہاکہ امریکا دنیا کا خیرمقدم کر رہا ہے، ہم ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا اور جامع ورلڈ کپ ہوگا اور فیفا پاس اس کا واضح ثبوت ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ورلڈ کپ کے شائقین کے لیے ترجیحی اپائنٹمنٹس پیش کر کے انہیں اپنا ویزا انٹرویو مکمل کرنے میں مدد دے رہا ہے، ورلڈ کپ قریب ہے، اب درخواست دینے کا بہترین وقت ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہم تاریخ کا سب سے محفوظ اور عظیم ورلڈ کپ منعقد کر رہے ہیں۔ فیفا کے مطابق 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے 16 میزبان شہروں (امریکہ کے 11، میکسیکو کے 3 اور کینیڈا کے 2) میں مجموعی طور پر 78 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران 60 لاکھ سے زائد ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔
فیفا اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق 2026 ورلڈ کپ امریکہ میں 1,85,000 روزگار کے کل وقتی مواقع پیدا کرے گا، 30.5 ارب ڈالر کا معاشی حجم پیدا کرے گا اور 17.2 ارب ڈالر امریکہ کی جی ڈی پی میں شامل کرے گا۔ شائقین داخلے اور ویزا سے متعلق مکمل معلومات کے لیے فیفا کے انفارمیشن پیج سے رجوع کر سکتے ہیں۔





















