ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسافر بس سے 91 کروڑ روپے مالیت کی آئس برآمد کرلی، منشیات سرکاری گودام منتقل کرنے کے دوران شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق کارروائی کے دوران مسافر بس سے پندرہ کلوگرام سے زائد غیرملکی ساختہ آئس برآمد ہوئی جس کی مالیت اکیانوے کروڑ روپے سے زائد ہے۔۔ منشیات خصوصی تیار کردہ انورٹرز کے اندر چھپائی گئی تھیں۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ منشیات کو سرکاری گودام منتقل کرنے کے دوران کسٹمز عملے پر شرپسندوں نے فائرنگ کی، تاہم ٹیم کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ وارانہ کارروائی کے باعث تمام اہلکار محفوظ رہے۔ کسٹمز حکام نے ضبط شدہ منشیات کو محفوظ کرلیا جبکہ پاک فوج اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری مدد فراہم کی۔






















