صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نوروز کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے امن، مذہبی ہم آہنگی اور علاقائی استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں نوروز منانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار بہار، نئی امید اور خوشحالی کی علامت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اور مذاہب کا حامل ملک ہے، جہاں تنوع ہماری مشترکہ طاقت ہے۔ انہوں نے خطے میں مشکلات کا شکار افراد خصوصاً افغانستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوروز امن، محبت اور بین الثقافتی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔ پاکستان میں مذہبی آزادی اور رواداری کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔




















