وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وانا آپریشن میں پاک فوج کی بہادری اورحکمت عملی سے سارے دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ہمارا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ دشمن کا پلان تھا کہ ایک مرتبہ پھرسانحہ اے پی ایس کی تاریخ دہرائے، ہماری مسلح افواج نے اس منصوبے کو ناکام بنادیا۔ دہشتگردوں کےخلاف جنگ جاری ہے، دعا کریں،ہماری افواج کو فتح نصیب ہو۔
کیڈٹ کالج وانا پر حملے میں ملوث تمام خوارج جہنم واصل ہوگئے۔ کامیاب آپریشن کے دوران کسی بھی طالبعلم یا استاد کو نقصان نہیں پہنچا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج پر حملے میں ملوث تمام خوارج جہنم واصل ہوگئے، خودکش حملہ اور کےعلاوہ4خوارج کامیاب آپریشن کے دوران ہلاک کردیے گئے۔ آپریشن کے دوران کسی بھی طالبعلم یا استاد کو نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کاکہنا ہےکہ 10نومبر کوافغان خوارج نےکالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی،دھماکے سےکالج کا مرکزی گیٹ منہدم، قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا،پاک فوج کےجوانوں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے 2خوارج کوموقع پرجہنم واصل کردیا تھا۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وانا حملے کے پیچھے افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔ مقصد پراکسی وار کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ۔ حملوں کے ساتھ مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے ۔ تحقیقات کے بعد ثبوت دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ بھارت اور افغانستان کو منہ کی کھانا پڑے گی۔






















