اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔ نامعلوم ملزمان کیخلاف سرکار کی مدعیت میں درج مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل سمیت سنگین جرم کی دفعات، شہدا اور زخمیوں کی تعداد بھی شامل کی گئی۔ خوف و ہراس پھیلانے اور گاڑیوں کا نقصان بھی مقدمے میں شامل کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس کے باہر گیٹ پر خود کش دھماکا کیا گیا، دھماکے کے باعث عام شہریوں کا جانی اور مالی نقصان ہوا۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سرمل گیا۔ دھماکے میں زخمی افراد کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔





















