صوبائی محتسب سندھ اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کےدرمیان عوام کو بہتر، مفت اورفوری انصاف کی فراہمی سےمتعلق معاہدہ طے پا گیا۔ صوبائی محتسب محمد سہیل راجپوت اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ ضیاء پرویزنے دستخط کیے۔
معاہدے پردستخط کی تقریب صوبائی محتسب سندھ کےدفتر میں منعقد ہوئی۔ صوبائی محتسب نے وفد کو بریفنگ دی۔ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی جیسی معتبر تنظیم کے ساتھ شراکت داری اچھا قدم ہے۔ دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری سندھ میں گڈ گورننس کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
اس موقع پر ضیاء پرویز نے کہا کہ امید ہے دونوں اداروں کے اشتراک سے عوام کو انصاف کی فراہمی کےلیے شکایات کے اندراج پر اعتماد بڑھےگا۔






















