پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
پیر کے روز وائس چئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی جانب سے سائفر کیس میں ضمانت کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ محمود قریشی کی مذکورہ کیس میں درخواست ضمانت مسترد کر دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں۔ سائفر کیس، جج تعیناتی اور جیل ٹرائل کیخلاف اپیل پر سماعت کل تک ملتوی
سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرے خلاف بے بنیا اور سیاسی مقدمہ بنایا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا 8 نومبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر کی جانب سے درخواست ضمانت میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔