پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وکیل بابراعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی انتخابی مہم واشنگٹن ، وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون میں چل رہی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ کے دو بیانات اب نوازشریف کے ڈبل امپورٹڈ ہونے کا ثبوت ہیں ، لوگ 8 فروری کو مہنگائی اور پٹرول بم کا بدلہ لیں گے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا پہلے ڈونلڈ لو تھا اور اب ڈونلڈ بلوم ہے، نواز شریف کی انتخابی مہم واشنگٹن، وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون میں چل رہی ہے ، نواز شریف کے لیے انہوں نے پولیٹیکل ایکٹر کا لفظ استعمال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ووٹرز کے ہاتھوں شریف برادران کا حشر وہ ہونا ہے جو اس وقت ساری دنیا میں میک ڈونلڈ کا ہو رہا ہے ، پرچی کے ذریعے ان سے بدلہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس وقت میدان میں نکلی ہیں لیکن ایک کو اجازت نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے لیے چیلنج ہے کہ وہ تاریخ بناتے ہیں یا اپنا جغرافیہ بگاڑتے ہیں۔