شیخ رشید کو بیرون ملک روانگی سے روک دیا گیا۔ وہ عمرے پر جانے کیلئے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالت نے انھیں عمرے پر جانے کے لیے خصوصی اجازت دی تھی۔ امیگریشن والوں نے مجھے روک لیا۔ اب ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کروں گا۔
واضح رہے چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ شیخ رشید احمد اپنے وکیل سردار عبدالرازق کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے پہلے ہی ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا تھا، تاہم اب نام پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔
وکیل نے کہا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو بیرون ملک جانے اور آزادانہ نقل و حرکت کا بنیادی حق حاصل ہے۔ایف آئی اے کے مطابق شیخ رشید کا نام انسداد دہشت گردی عدالت کے حکم پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔جسٹس صداقت علی نے ریمارکس دیے کہ شیخ رشید کو عمرے کے لیے جانے دیں، وہ دعا کریں گے تو ملک کے حالات بہتر ہو جائیں گے۔






















