کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق آج کاروبار کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 53 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 285.97روپے ہوگئی، دوسری جانب دوسری اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 287 روپے 50 پیسے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کئی ہفتوں سے اضافے کا رجحان رہا تاہم گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں 53 پیسے کی کمی دیکھی گئی اور ایک ڈالر کی قیمت 286.50 روپے کی سطح پر آگئی۔ اسٹیٹ بین کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 287 روپے تین پیسے پر بند ہوئی تھی۔
قبل ازیں 17 اکتوبر کو ایک ڈالر کی قیمت انٹر بینک میں 276.83 روپے کی سطح تک گر گئی تھی جو ستمبر کے شروع میں 307.10 کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔ اس کے بعد اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایکسچینج کمپنیوں کے ضوابط میں ترمیم کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تاہم 17 اکتوبر کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔