پاکستان میں گوگل کروم بُک اسمبلی لائن کا افتتاح کردیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور گوگل کے درمیان معاہدے کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیدیا ۔ تقریب سے خطاب میں کہا موجودہ دور میں جدید علوم سیکھنا ناگزیر ہے ۔ معاہدے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ کہتی ہیں کروم بُک نوجوان نسل کی پیشہ ورانہ زندگی میں انقلاب برپا کرےگی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان میں پہلے گوگل کروم بُک اسمبلی لائن پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ پاکستان اور گوگل کے مشترکہ منصوبے کا مقصد کروم بُک کی نوجوانوں کیلئے کم قیمت پر فراہمی آسان بنانا ہے ۔ اسحاق ڈار نے اس اقدام کو ڈیجیٹل پاکستان کی جانب بڑی پیشرفت قرار دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے ٹیکنالوجی میں بہت ترقی کی اور کر رہے ہیں ۔ چند سال میں حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے اقدامات کئے۔ وزارت آئی ٹی کی کوششوں کے ثمرات مل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ کا کہنا تھا پاکستان نےآج ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ آج کا دن پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ گوگل کروم بک سے نوجوان نسل نئے رجحانات کی جانب قدم رکھے گی ۔ پاکستان کی ڈیجیٹیل پراگرس کا آج اہم ترین دن ہے۔
نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن اور گوگل کےاشتراک سےہری پور میں فیکٹری قائم ۔ جہاں ابتدائی طور پر روزانہ 50ہزار کروم بُک تیار کی جا سکیں گی جبکہ سالانہ پانچ لاکھ کروم بُک تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، مستقبل میں استعداد 10 لاکھ کروم بُک سالانہ تک بڑھانے کا پروگرام ہے۔





















