سعودی عرب میں دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہونے پر سرکاری ملازم کے خلاف کارروائی ہوگی۔
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے عہدیدار عبود آل زاحم نے کہا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران سرکاری ملازم سماجی رابطہ وسائل استعمال کرنے کا مجاز نہیں۔ خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق عبود آل زاحم نےتوجہ دلائی کہ سرکاری اداروں کے ضابطہ اخلاق کے برخلاف ملازمین ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل کے ذریعے سماجی رابطہ وسائل پرسرگرم رہتے ہیں۔ یہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو اس حوالے سے مزید پابند بنانے کے لیے سخت ضابطہ سازی ضروری ہوگئی ہے۔ انہوں کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل کا استعمال بدنظمی کی انتہا ہے۔ بہت سارے سرکاری ملازم سرکاری اداروں سے رجوع کرنے والوں کو نظر انداز کرکے اپنے موبائل سے کھیلتے رہتے ہیں یہ خلاف تہذیب بھی ہے۔
عبود آل زاحم نے کہا کہ بہت سی بین الاقوامی کمپنیاں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اپنے ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ نجی نوعیت کے رابطوں تک پر پابندی لگائے ہوئے ہیں۔