پاکستان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اوربلا رکاوٹ امداد فراہم کی جائے۔ فلسطینیوں کی بحالی اور غزہ کی تعمیر نو پر توجہ دی جائے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق غزہ میں مستقل قیام امن کیلئے ترکیہ میں اہم بیٹھک کل ہوگی ۔ پاکستان سمیت 8 ممالک شریک ہوں گے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل استنبول جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں غزہ میں استحکام فورس کی تعیناتی اور سیز فائرکے اگلے مرحلے پرغور ہوگا ۔ پاکستان جنگ بندی کے مکمل نفاذ، مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی انخلا پر زور دے گا ۔ فلسطینیوں کی بحالی اورغزہ کی تعمیر نو پر زور دیا جائے گا۔
بیان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، امن اور انصاف کی بحالی کیلئے کردارجاری رکھے گا۔ فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف اور 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق ہوں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ آزاد، قابل عمل اور جغرافیائی طور پر مستحکم فلسطینی ریاست کا قیام ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔






















