لندن میں ٹرین کے اندر مسافروں پر چاقو حملے 10 افراد زخمی ہوگئے۔ 9 کی حالت تشویشناک ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق واقعہ ڈونکاسٹر سے لندن جانے والی ٹرین میں پیش آیا۔ دو چاقو بردار حملہ آوروں نے ٹرین اسٹیشن سے روانہ ہوتے ہی چاقو کے وار کرنا شروع کردیا۔ کئی مسافروں نے ٹوائلٹ میں گھس کر جان بچائی۔ پولیس نے کیمبرج شائر کے مقام پر ٹرین کو روک کردو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تفتیشی عمل میں انسداد دہشت گردی فورس کو بھی شامل کیا گیا۔ ریل سروس دن بھر متاثر رہنے کا امکان ہے۔ وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی مذمت کی اور اسے انتہائی تشویشناک قرار دے دیا۔
ترجمان ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق چاقو حملے کے دونوں ملزمان برطانوی شہری ہیں، ایک ملزم افریقی نژاد اور دوسرا کیریبین نژاد ہے، دونوں ملزمان کو اقدام قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
لندن میں چاقو حملے پر شاہ چارلس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین پر ہونے والے حملے سے صدمے اور افسوس میں ہوں، میری ہمدردیاں متاثرین اور امدادی کارکنوں کے ساتھ ہیں۔





















