صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ بڑھتی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکاہے، وقت آگیا ہے کہ موجودہ 4 صوبوں کو 3،3 انتظامی حصوں میں تقسیم کیاجائے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ صوبوں کے نام کے ساتھ نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ استعمال کیا جائے، نئی انتظامی تقسیم عوامی مسائل کے حل کو ان کی دہلیز تک پہنچائے گی، انتظامی تقسیم چیف سیکرٹری، آئی جی، ہائیکورٹ جیسے اداروں کو مؤثر کام کرنے کے قابل بنائے گی۔
وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ نئے صوبے پاکستان کو تقسیم نہیں کریں گے بلکہ قومی یکجہتی کو مضبوط، معیشت مستحکم، علاقائی ترقی کو متوازن بنائیں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے نئے صوبوں کی بات صرف سیاست اور نعروں تک محدود رہی، اب وقت ہے باہمی مشاورت اور سنجیدگی سے اس وژن کو حقیقت میں بدلاجائے۔






















