امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر طوفان الاقصیٰ حق اور باطل کا عظیم معرکہ تھا جس کے بعد دنیا تقسیم ہوگئی ہے۔
لاہور میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں مارچ میں شریک ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں ، جوانوں اور بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑاغزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ لاکھوں کا یہ اجتماع اور انسانی جذبوں کا یہ سمندر دشمن کے لیے موت کا پیغام ہے، ہمارا دشمن وہ ہے جس نے بیت المقدس پر قبضہ کیا، جس نے فلسطین میں بہنوں اور بچوں کا قتل عام کیا، جس نے مسجد اقصیٰ پر قبضہ کیا وہ ہمارا دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے غزہ کے لوگ لڑ رہے ہیں، فلسطینیوں نے غلیلوں سے اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ کیا، 76 سال میں فلسطینیوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس کی حکومت نےاسرائیل کی حمایت کی توعوام نے مخالفت کی ، ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے فلسطین کا ساتھ دیا، اسرائیل کے لوگ خود اپنی حکومت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔