ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج کے تازہ حملے نہ صرف قابلِ افسوس ہیں بلکہ خطے میں امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں متعدد بے گناہ شہریوں کی شہادت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیل کے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں طے پانے والا امن معاہدہ اسرائیلی جارحیت سے پامال ہو رہا ہے جس سے خطے میں پائیدار امن کی عالمی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے، جو انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو۔






















