سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 25 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے5بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان اور کرم میں خوارج کی افغان سرحد پار سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سپن وام میں کارروائی میں 15دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ گھکی میں 10خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد گروہوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا،ا شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں مارے گئے خوارج میں 4خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ مارے گئے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اوردھماکاخیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے5بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا، شہداء میں غذر کے 35سالہ حوالدار منظورحسین اور پونچھ کے23 سالہ سپاہی نعمان الیاس کیانی شامل ہیں، قصور کے24سالہ سپاہی محمد عدیل، پاکپتن کے سپاہی علی اصغر اور وہاڑی کے25سالہ سپاہی شاہ جہان بھی شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دشمن کاڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے بہادری کی نئی مثال قائم کی، دراندازی کی کوششیں پاکستان اور افغانستان کے وفود کے ترکیہ میں مذاکرات کے دوران کی جارہی ہے۔ ایسےواقعات عبوری افغان حکومت کے دہشتگردی کیخلاف وعدوں پرسوالات اٹھاتی ہیں۔






















