اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ژاں ہنری ٹاڈ نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس دوران اقوام متحدہ کی دنیا بھرمیں روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہونےوالی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، عبدالعلیم خان نے شاہراہوں اور موٹرویز پر محفوظ سفر یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے یو این او نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹرویز پر حد رفتار کی سختی سے پابندی یقینی بنا رہے ہیں، شاہراہوں پر ایمرجنسی سروسز اپ گریڈ اور ائیر ایمبولنس متعارف کرانے پر کام ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے روڈسیفٹی کے اقدامات مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حادثات میں زخمیوں کو جلد از جلد طبی امداد کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
نمائندہ اقوام متحدہ ژاں ہنری ٹاڈ نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے انعقاد پر اظہار مسرت کیا ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی ادارہ روڈ سیفٹی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، زخمیوں کو فوری اسپتال پہنچانے کیلئے دو ہیلی کاپٹرز ریسکیو سروس میں شامل کرینگے۔
اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ژاں ہنری ٹاڈ نے پاکستان کی روڈ سیفٹی کی کوششوں کو سراہا ۔ ڈی جی ریسکیو نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائیوں سے 18.7ملین زندگیاں بچائی گئیں۔
آئی جی موٹرویز نے کہا نصاب میں سڑکوں کی حفاظت سے متعلق اسباق شامل کیے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے نمائندے اور وفاقی وزیر نے جانیں بچانے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔





















