پاک پولینڈنائب وزارئے اعظم ووزرائے خارجہ کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ، دونوں ممالک کا بین الاقوامی اداروں میں باہمی حمایت اور پارلیمانی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر اتفاق، علاقائی وعالمی امن،استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، مسلح افواج اوردفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر اتفاق بھی کیا گیا ۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پولینڈ کےنائب وزیراعظم و وزیرخارجہ رادوسلا وسِکورسکی کا دو روزہ دورہ پاکستان دوطرفہ سفارتی تعلقات کے استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم ثابت ہوا، وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون کیلئےمفاہمتی یادداشت پر دستخط کیئے گئے، پالیسی مکالمے کے فروغ کیلئے پاک پولش تھنک ٹینکس کے درمیان ایم او یو پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا ۔ فریقین میں طے پایا کہ اعلیٰ سطح کےروابط کیلئےسیاسی مشاورت سالانہ بنیادوں پر منعقدکی جائے گی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پولیش قیادت نے یوکرین کی جنگ جبکہ پاکستان نےمسئلہ کشمیر پر مؤقف پیش کیا ۔ فریقین نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا، جنوبی ایشیا،یورپ اور دیگر خطوں میں امن و استحکام کیلئےتعاون پراتفاق کیا گیا۔ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ پر بھی زور دیا گیا ۔
اعلامیے پبلک فنانس منیجمنٹ،ٹیکس اصلاحات اورمالی نظم و نسق میں تجربات کےتبادلے پر اتفاق گیا ،فریقین نے دہشتگردی کی تمام صورتوں کی مذمت کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ کوئی ریاست دہشت گردوں کو پناہ نہ دے ۔ مہمان وفد نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو پولینڈ کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی ۔






















